پاکستان کا غزہ کے میڈیکل طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے کی اجازت دینے کا اعلان

Published On 04 July,2024 08:25 pm

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے غزہ کے میڈیکل طلبہ کو پاکستان میں میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ فیصلہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی ہدایت پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے کیا ہے، اس سے غزہ کے طلبہ پاکستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنی طبی تعلیم جاری رکھ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ سے تعلق رکھنے والے فلسطینی طلبہ 20 سے 30 کے بیچوں میں جلد ہی پاکستان کے میڈیکل کالجوں میں شامل ہوں گے، اس فیصلے سے غزہ کے طلبہ پاکستان میں کارڈیالوجی، آرتھوپیڈکس، آنکولوجی، پیڈیاٹرکس اور سرجری کے شعبوں میں اپنی طبی تعلیم مکمل کرسکیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ غزہ کے طلبہ کو میڈیکل تعلیم مکمل کرنے کی اجازت دینے کا مقصد ہے کہ وہ غزہ کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں اہم ضروریات کو پورا کر سکیں۔