بلوچستان : قلعہ عبداللہ میں 11 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق

Published On 07 August,2024 12:55 pm

کوئٹہ : (دنیانیوز ) بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں 11 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں برس ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 13 ہوگئی۔

وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مختار بھرتھ کے مطابق بچے میں معذوری کی علامات 17 جولائی کو ظاہر ہوئی تھیں ، صوبہ بلوچستان میں ویکسینیشن کی شرح بڑھانے کے لئے حکومت نے اقدامات شروع کردیئے ۔

اس حوالے سے ستمبر میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے لئے نیشنل پولیو مینجمنٹ ٹیم کا اجلاس جاری ہے ۔

وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا کاکہنا ہے کہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، چمن اور قلعہ عبداللہ میں پولیو کا پھیلاؤ زیادہ ہے ۔

اس حوالے سے نیشنل کوآرڈینیٹر انوار الحق کاکہنا ہے کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا عزم برقرار  والدین پولیو ویکسین کی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں یہ سال کا 13واں پولیو کیس جبکہ بلوچستان سے 10واں اور قلعہ عبداللہ سے پانچواں کیس رپورٹ ہوا ہے جبکہ رواں سال سندھ سے دو اور پنجاب سے ایک پولیو کیس رپورٹ ہوچکا ہے۔