بلوچستان میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

Published On 09 September,2024 03:45 pm

کوئٹہ: (ثمن اسماعیل) پولیو کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے صوبے بھر میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق مہم کے دوران 26 لاکھ 55 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم میں 11 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، پولیو مہم میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

بلوچستان میں رواں سال 8 ماہ کے دوران پولیو کے 12 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پولیو کیسز چمن، ڈیرہ بگٹی، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، جھل مگسی، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور خاران سے رپورٹ ہوئے ہیں، اڑھائی سال بعد صوبے کے مختلف اضلاع کے ماحول میں پولیو وائرس کی دوبارہ موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق پولیو وائرس صوبے کے دیگر اضلاع میں منتقل ہونے کا خدشہ ہے، بچوں کو وائرس اور معذوری سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیو کے قطرے ضرور پلائیں، صوبے میں پولیو کے شکار تین بچے جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔