کوئٹہ: سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی عدم فراہمی پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی معطل

Published On 12 June,2025 10:42 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی عدم فراہمی پر محکمہ صحت بلوچستان نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر میڈیکل سٹور ڈپو (ایم ایس ڈی) ڈاکٹر محمد اسماعیل مروانی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق ڈاکٹر محمد اسماعیل کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ان پر ادویات کی خریداری کے عمل میں ناکامی اور دستیاب فنڈز کے بروقت استعمال میں کوتاہی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ غریب عوام کو ضروری ادویات کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہونے کے باعث یہ اقدام ناگزیر تھا، معطل افسر کو محکمہ صحت میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب گریڈ 19 کے ڈاکٹر میر محمد یوسف خان کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی کے طور پر تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ ادویات کی سپلائی کو فوری طور پر بحال کیا جا سکے اور عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔