دہشتگردی کیخلاف جنگ کو فیصلہ کن انجام تک پہنچایا جائیگا: سول و عسکری قیادت

Published On 21 May,2025 10:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا، خضدار بس حملے کے متاثرین اور زخمی بچوں سے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا، خضدار بس حملے کے متاثرین اور زخمی بچوں سے ملاقات کی، وزیرِ دفاع، وزیرِ داخلہ، وزیرِ اطلاعات بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان اور کورکمانڈر کوئٹہ نے وفد کو بہیمانہ حملے سے متعلق بریفنگ دی، وزیراعظم، وفاقی وزرا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ کو منطقی اور فیصلہ کن انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے، قوم دہشت گردی کے خاتمے اور پاکستان کی خودمختاری و سلامتی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے زور دیا کہ وقت آ چکا ہے کہ قوم ویسا ہی پختہ عزم دکھائے جیسا حال ہی میں بھارت کی جارحیت کے خلاف دکھایا گیا، اسی جذبے سے بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگردی کے نیٹ ورک کیخلاف حتمی اور فیصلہ کن جنگ لڑی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: خضدار میں دہشتگردوں کا سکول بس پر خودکش حملہ، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید

وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور کورکمانڈر کوئٹہ نے وفد کو بریفنگ دی کہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں بزدلانہ دہشت گردی کے واقعے میں معصوم بچوں کو لے جانے والی سکول بس کو نشانہ بنایا گیا۔

حملے میں 3 معصوم بچوں اور 2 فوجی جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، حملے میں 39 بچوں سمیت 53 افراد زخمی ہوئے، 8 کی حالت تشویشناک ہے۔

اعلامیہ کے مطابق اس گھناؤنے حملے کے پیچھے بھارت کے ریاستی سرپرستی یافتہ ایجنٹ فتنہ الہندستان آف انڈیا کا ہاتھ ہے، دنیا اسے اب خطے میں عدم استحکام کے مرکز کے طور پر جاننے لگی ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق بھارت پاکستان کو کھلی فوجی جارحیت سے مرعوب کرنے میں بری طرح ناکام ہوا، اب بھارت نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے دہشت گردانہ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوشش کے طور پر عام شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، نسلی شناخت کا جھوٹا لبادہ اوڑھے دہشت گرد بھارتی ریاستی پالیسی کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق یہ دہشت گرد بلوچ اور پختون اقوام کی عزت و وقار پر بھی بدنما داغ ہیں، بلوچ اور پختون اقوام نے ہمیشہ تشدد اور انتہا پسندی کو مسترد کیا ہے، بھارت کا ایسے اخلاقی طور پر ناقابلِ دفاع ہتھکنڈوں پر انحصار عالمی برادری کی فوری توجہ کا متقاضی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق خارجہ پالیسی کے آلے کے طور پر دہشت گردی کے استعمال کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرنی اور اسے روکنا چاہیے، پاکستان کے سکیورٹی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملوث عناصر کا پیچھا کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خضدار میں سکول بس پر خودکش حملے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے: ایس ایف جے

وزیراعظم آفس کے مطابق جرم کے منصوبہ سازوں، مددگاروں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، دنیا کے سامنے بھارت کا فریب بے نقاب کر دیا جائے گا، بھارت خود دہشت گردی کا اصل مجرم ہے لیکن خود کو مظلوم ظاہر کرتا ہے۔

دریں اثنا ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کوئٹہ سے واپس اسلام آباد پہنچ گئے، شہباز شریف نے خضدار بس حملے کے بعد کوئٹہ جانے کا فیصلہ کیا تھا، وزیر اعظم کے ساتھ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور کابینہ اراکین بھی تھے۔