وزیراعظم کا ہیپاٹائٹس کے عالمی دن پر ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی سکریننگ کا اعلان

Published On 28 July,2025 10:20 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی سکریننگ ہوگی، مثبت کیسز کا حکومت کی جانب سے مفت علاج کیا جائے گا۔

ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔

صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس صحت عامہ کا ایک سنگین مسئلہ ہے، ہیپاٹائٹس جیسے خطرناک مرض سے متعلق شعور اجاگر کیا جائے۔

 اپنے پیغام میں آصف زرداری نے کہا ہے کہ لاکھوں افراد بروقت تشخیص نہ ہونے سے مرض کا شکار ہو رہے ہیں، ہیپاٹائٹس کو بجا طور پرخاموش قاتل کہا جاتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ ہیپاٹائٹس کا مرض ایسی سٹیج پر ظاہر ہوتا ہے جب جگر کو نقصان پہنچ چکا ہوتا ہے، اس بیماری کے خلاف منظم قومی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بروقت سکریننگ اور علاج تک رسائی کو یقینی بنانا ہوگا، طبی طریقہ کار کے سخت ضوابط پر عملدرآمد لازمی ہے، عوامی شعور کو ہماری کوششوں کا مرکز ہونا چاہیے جس سے اس چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ یہ مرض ایک عالمی چیلنچ بن چکا ہے، ہیپاٹائٹس کی شرح والے ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے، بہت سے متاثرہ افراد تشخیص اور علاج کے بغیر رہ جاتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لئے قومی پروگرام شروع کیا ہے، 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی سکریننگ ہوگی، مثبت کیسز کا حکومت کی جانب سے مفت علاج کیا جائے گا، آگاہی، بروقت تشخیص، علاج بیماری پر قابو پانے کا واحد راستہ ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے پرپیغام میں کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس خاموش قاتل ہے، یہ آہستہ آہستہ جگر کو متاثر کرتا ہے اور بروقت تشخیص و علاج نہ ہونے پر جان لیوا ہو سکتا ہے۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس کی ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ہیپاٹائٹس ٹیسٹ کی مفت سہولیات فیلڈ ہسپتالوں اور کلینک آن وہیلز پر بھی دستیاب ہیں اور مریضوں کو مفت ادویات گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس سے متعلق آگاہی مہم کے ذریعے عوام میں شعور بیدار کیا جا رہا ہے، صحت مند پنجاب ہی ترقی یافتہ پنجاب ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ ہیپاٹائٹس کا ٹیسٹ ضرور کروائیں، ویکسین لگوائیں اور یہ پیغام دوسروں تک پہنچائیں، احتیاط اور علاج سے ہیپاٹائٹس سے مکمل بچاؤ ممکن ہے۔