خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پرائمری ہیلتھ کیئر صحت کے حوالے سے مرکزی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت پاکستان اس شعبے کی مضبوطی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد میں پرائمری ہیلتھ کیئر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑے ہسپتالوں کا افتتاح سیاسی طورپر ہر کسی کو اچھا لگتا ہے، عوام کو سب سے پہلے پرائمری اورسکینڈری ہیلتھ کیئر چاہیے ہوتی ہے، پاکستان کی آبادی میں ہرسال نیوزی لینڈ کی آبادی جتنا اضافہ ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان 13 بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین مفت لگارہی ہے جبکہ کورونا کے بعد سے ٹیلی میڈیسن کا نظام شروع ہوچکا ہے تاہم اب سپیشلائزڈ ڈاکٹرز آن لائن بیٹھ کر ادویات تجویز کررہے ہیں، ہیلتھ کیئر کسی بھی ملک کیلئے قومی سلامتی و معیشت کا معاملہ ہے اسی لیے پاکستان میں صحت کے نظام کی بہتری ہدف ہے، سک کیئر سے ہیلتھ کیئر کی طرف نظام لے کر جانا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جلد پاکستان میں مقامی سطح پر ویکسین تیار کریں گے، ویکسین مستقبل کی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے لازم ہے، پاکستان میں محض 13 بیماریوں کے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جاتے ہیں جبکہ جلد پاکستان میں حفاظتی ٹیکہ جات کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
مزید برآں، ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں بیماریوں سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جاتے ہیں، حکومت 13 بیماریوں کے حفاظتی ٹیکہ جات بلا معاوضہ فراہم کرتی ہے جبکہ انسداد سروائیکل کینسر ویکسین بھی حفاظتی ٹیکہ جات میں شامل ہے۔