سرکاری ہسپتالوں میں نیونیٹولوجی سیٹ اپ کیلئے نئے ایس او پیز کی تیاری

سرکاری ہسپتالوں میں نیونیٹولوجی سیٹ اپ کیلئے نئے ایس او پیز کی تیاری

جاری اعلامیے کے مطابق یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کے کنوینر جبکہ چلڈرن ہسپتال لاہور کے ریٹائرڈ پروفیسر آف نیونیٹولوجی پروفیسر خواجہ احمد عرفان وحید شریک کنوینئر ہوں گے۔

ٹیکنیکل ورکنگ گروپ میں ڈائریکٹر جنرل نرسنگ مس طاہرہ پروین، پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج پروفیسر ہارون حامد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال ملتان پروفیسر ڈاکٹر کاشف چشتی، پروفیسر آف پیڈیاٹرک میڈیسن خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ پروفیسر مدثر حسین، نیونیٹولوجسٹ اور جنرل سیکرٹری پی پی اے پنجاب ڈاکٹر کلیم اختر ملہی، قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور کے ایسوسی ایٹ پروفیسر نیونیٹولوجی ڈاکٹر محمد انوار، چلڈرن ہسپتال لاہور کے اسسٹنٹ پروفیسر نیونیٹولوجی ڈاکٹر مظہر قدیر خان، بائیومیڈیکل انجینئر عرفان حیدر اور ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ (ریسکیو 1122) کے نمائندے شامل ہوں گے۔

محکمہ صحت کے مطابق ٹیکنیکل ورکنگ گروپ وسائل کے بہترین استعمال اور مریضوں کے بوجھ کو متوازن رکھنے کے لیے نیونیٹل مریضوں کے کلینیکل داخلے اور ڈسچارج کے واضح معیار مرتب کرے گا۔

گروپ کو مستحکم نوزائیدہ بچوں کو مناسب وقت پر منتقل کرنے اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے ملحقہ اور پریفیرل ہسپتالوں کے ساتھ سٹیپ ڈاؤن اور شیئرڈ کیئر کے باضابطہ نظام وضع کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔

ٹیکنیکل ورکنگ گروپ نیونیٹل یونٹس میں آگ لگنے کے خطرات، برقی لوڈ سے متعلق مسائل اور ہنگامی انخلاء کے چیلنجز کے حوالے سے بنیادی ڈھانچے کے لیے رہنما اصول بھی تجویز کرے گا۔

اس کے علاوہ نیونیٹل کیئر کے ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے آگ سے تحفظ، ہنگامی انخلاء، آگ بجھانے اور الیکٹریکل لوڈ مینجمنٹ سے متعلق جامع ایس او پیز کا مسودہ تیار کیا جائے گا۔

گروپ ڈاکٹروں، نرسوں اور معاون عملے کے لیے ہنگامی انخلاء کی مشقوں، نوزائیدہ بچوں کی محفوظ منتقلی اور بنیادی آگ بجھانے کی تربیت کے لیے تربیتی ماڈیولز بھی تیار کرے گا۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی سفارشات 7 روز کے اندر مجاز اتھارٹی کو پیش کرے۔