خلاصہ
- پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا صحت پروگرام میں سی سیکشن کی شرح تشویشناک حد تک بڑھ کر 47.43 فیصد تک پہنچ گئی۔
صحت پروگرام کے تحت 83.4 فیصد سی سیکشن نجی ہسپتالوں میں کیے گئے، جبکہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ طبی ضرورت کے بجائے مالی مفاد کے لیے سی سیکشن کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سی سیکشن ہسپتالوں کو نارمل ڈیلیوری کے مقابلے میں زیادہ مالی فائدہ دیتا ہے، صحت پروگرام میں سی سیکشن پیکیج 26 ہزار 575 روپے جبکہ نارمل ڈیلیوری پیکیج 15 ہزار 129 روپے مقرر ہے۔
صحت پروگرام میں سی سیکشن کی شرح میں اضافے کی بڑی وجہ مالی مفادات اور نگرانی کا فقدان قرار دیا گیا ہے، جبکہ بڑھتی شرح نے ہسپتالوں کی مانیٹرنگ اور نگرانی کے نظام پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔
غیر ضروری سی سیکشن سے ماں اور بچے کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ بار بار سی سیکشن سے خواتین میں پیچیدگیوں کے امکانات بڑھنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
سی سیکشن کی بڑھتی شرح نے خیبر پختونخوا صحت پروگرام کے مقاصد پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔