پاکستان
خلاصہ
- پشاور سمیت صوبہ بھر میں 75 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی تیز ہوائیں اور طوفان سے 10 افراد جاں بحق، 40 زخمی، باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو بند کر دیا گیا، ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ، حادثے سے بال بال بچ گیا۔
پشاور: (آن لائن) صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبہ بھر میں 75 کلومیٹر فی گھنٹہ چلنے والی تیز ہواﺅں اور طوفان کے باعث صوبے بھر میں 10 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے ہیں۔ طوفان کے باعث باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کرکے ایئر پورٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔ تیز طوفان کے باعث پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیرہ کے چوڑیزئی پایان میں ایک ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی اور حادثے سے بال بال بچ گیا۔ پشاور کے علاقے لنڈی سڑک میں مکان کی دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ چارسدہ میں بھی ایک شخص مکان گرنے سے جاں بحق ہوا۔ سوات میں بھی آندھی اور طوفان کے باعث ایک بچی جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے۔ تیز شدید طوفانی ہواﺅں کے باعث صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبہ بھر میں سبزیوں کے فصلوں اور فروٹ کے باغات کو شدید ترین نقصان پہنچا اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ مختلف مقامات پر سائن بورڈ بھی گر گئے۔ طوفانی ہواﺅں کے باعث بجلی اور ٹیلی فون کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ طوفانی ہواﺅں کے باعث صوبائی دارالحکومت پشاور کے مختلف علاقوں کو بجلی سپلائی کرنے والی مین تاڑیں بھی ٹوٹ گئی جس سے شہر کے بیشتر علاقے تاریخی میں ڈوب گئے۔ تیز رفتار طوفانی ہواﺅں نے باعث شہر بھر میں فوری طور پر دکانیں بند کر دی گئیں اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی تیز طوفانی ہواﺅں کے باعث پشاور میں آمدورفت کی سروس بھی معطل ہوگی ،ریل گاڑیوں کو بھی روک دیا گیا۔