وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے موبائل سروس بند کرنے کیلئے پنجاب حکومت کی درخواست مسترد کر دی۔ ان کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے دنوں میں موبائل فون کی سروس بند کرکے عوام کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہتا۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ موبائل سروس بند کرکے دھماکے نہیں روکے جا سکتے۔ دھماکے کئی طریقوں سے کئے جاتے ہیں۔ پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیاں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ وزیر داخلہ نے پنجاب حکومت کی جانب سے موبائل سروس بند کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران موبائل سروس بند نہیں ہوگی۔ موبائل سروس بند کرکے عوام کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہتا۔ واضع رہے کہ پنجاب پولیس نے عید کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش صبح 6 سے 10 بجے تک موبائل فون سروس بند کرنے کی درخواست کی تھی تاہم محکمہ داخلہ نے خط کا کوئی جواب نہیں دیا۔ ایس پی سکیورٹی لاہور نے امن و امان کی صورتحال کے پیش محکمہ داخلہ کو خط ارسال کیا جس میں یہ استدعا کی گئی تھی کہ عید کے موقع پر لاہور شہر میں صبح کے وقت موبائل فون سروس بند رکھی جائے۔ سی سی پی او لاہور چوہدری محمد شفیق کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ نے خط کا کوئی جواب نہیں دیا۔ اس وجہ سے اب فون سروس بند نہیں کی جائے گی تاہم انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ عید کے موقع پر مساجد اور اجتماعی قربانی کے مقامات پر موثر سکیورٹی کا بندوبست کی جائے اور شہر میں گشت کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔