ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کنٹرول منصوبے کی منظوری

Published On 19 September,2025 07:50 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سی ڈی ڈبلیو پی نے ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کنٹرول منصوبے کی منظوری دے دی۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صحت اور آبی شعبے کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ منصوبہ ایکنک کو ارسال کردیا گیا، 18.13 ارب لاگت کا منصوبہ 13 اضلاع میں صحت کی سہولیات دے گا، منصوبہ ورلڈ بینک گائیڈ لائنز کے تحت غیر ملکی معاونت سے مکمل ہوگا۔

سی ڈی ڈبلیو پی اعلامیہ میں بتایا گیا کہ فورم نے ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کنٹرول منصوبے کی منظوری دی، ملک بھر میں بیماریوں کے خاتمے کیلئے 2 ارب روپے کا منصوبہ ہے۔

دوسری جانب وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ایجوکیشن پالیسی میں ابتدائی تعلیم کو مرکزیت دینی ہوگی، ہر بچے کو سائنس اور کمپیوٹر لیب کی سہولت دینا بنیادی حق ہے، ملتان میں فلڈ ڈیزاسٹر ماسٹر پلان اور سٹورم واٹر سٹوریج منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دریاؤں اور زیر زمین پانی کی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، صوبائی حکومتیں فضلے اور گندے پانی کے انتظام کو اوّلین ترجیح دیں، ہر پی سی 1 میں واضح نتائج اور اثرات درج ہونا لازمی ہیں۔