اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے وفاقی کابینہ کے ارکان کی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
بارشوں اور سیلاب کے متاثرین کے حوالے سے ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیر اعظم نے وفاقی اداروں کو امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس مشکل وقت میں صوبہ اور وفاق کی سرحدیں نہیں، سب کا مقصد صرف متاثرین کی مدد اور بحالی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کو شاہراہوں کی مرمت کے دوران صوبائی یا قومی شاہراہوں میں فرق نہیں کرنا چاہیے اور امدادی راستے کھولنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وفاق جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور متاثرین کو وزیرِ اعظم پیکج کے تحت مالی امداد فراہم کرے گا۔
شہباز شریف نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے کو ضروری وسائل فراہم کیے جائیں اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بھی متاثرین کی مدد کے لیے فعال کیا جائے۔