اسلام آباد: (دنیا نیوز) تین کروڑ روپے تک کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو ’مائیکرو انٹرپرائزز‘ میں شامل کرلیا گیا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ، سمیڈا کی کارکردگی، جاری اصلاحات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتیں ملکی ترقی اور معیشت میں نہایت اہم مقام رکھتی ہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سالانہ 3 کروڑ روپے تک کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو ’مائیکرو انٹرپرائزز‘ کا درجہ دے کر سمیڈا کے دائرہ کار میں شامل کر لیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ ویمن انٹرپرینیورشپ پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، جسے جلد وفاقی کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، خواتین کے لیے سمیڈا کی جانب سے ایک خصوصی ڈیجیٹل پورٹل کا اجرا بھی جلد متوقع ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سمیڈا کے کریڈٹ سکورنگ ماڈل کی تشکیل، برآمدات میں اضافے کی حکمت عملی اور ایس ایم ای سب کنٹریکٹنگ کے قانونی فریم ورک پر کام کو آؤٹ سورس کیا جا چکا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر، رکن قومی اسمبلی نوشین افتخار، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز، سمیڈا کے بورڈ ممبران اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔