اسلام آباد:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ چینی کی قیمت اور فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت میں رانا تنویر حسین کے زیر صدارت شوگر سیکٹر بارے اجلاس ہوا، اجلاس میں انہوں نے چینی کی ترسیل میں تاخیر اور معاہدے کی خلاف ورزیوں پر سخت نوٹس لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شوگر ملز کے سٹاکس کی مکمل نگرانی کی جائے گی، چینی کی قلت کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اجلاس میں ملز مالکان کے خدشات پیش کیے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر کی ہدایت پر شکایتی کمیٹی اور واٹس ایپ گروپ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، رانا تنویر حسین نے کہا کہ چینی کی قیمت اور فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، روزانہ کی بنیاد پر شوگر سیکٹر کے مسائل حل کیے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت صارفین اور صنعت دونوں کے مفادات کا تحفظ کرے گی، خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف فوری ایکشن ہوگا۔