ایران عراق اور شام میں زیارتیں رجسٹریشن سے مشروط ، وزارت مذہبی امور کا بڑا فیصلہ

Published On 16 July,2025 04:31 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایران عراق میں چالیس ہزار زائرین کے لاپتہ ہونے کے معاملے پر وزارت مذہبی امور کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق عراق ،ایران اور شام میں زیارتوں کا دورہ رجسٹریشن سے مشروط کردیا گیا، کوئی بھی پاکستانی اب بنا رجسٹریشن زیارت کے لیے نہیں جا سکے گا۔

حکام وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ زیارت مینجمنٹ پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایران، عراق، شام کی زیارتیں نجی قافلہ سالاروں کے ذریعے ہو رہی تھی، زائرین کی درست تعداد، آمدورفت اور واپسی کا ریکارڈ تک موجود نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوست ممالک کی جانب سے شکایات پر اب پالیسی پر عمل درآمد موثر بنایا جائے گا، زائرین گروپ آرگنائزر کی رجسٹریشن کی جائے گی ، اقدام سے غیر قانونی قیام اور دیگر ممالک جانے کی کوششوں کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔