اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں مختلف وزارتوں کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس منظور

Published On 27 June,2025 05:59 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) نے مختلف وزارتوں کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مالی سال25-2024 کیلئے مختلف وزارتوں کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت دفاع کے لیے 15.839 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس, اس کے علاوہ محکمہ آڈیٹر جنرل کی عمارات کے کرائے کیلئے 6.3 کروڑ روپے کی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔

ملکی قرض کی واپسی کیلئے 829.67 ارب روپے اور غیر ملکی قرض کیلئے 1774.20 ارب روپے جب کہ وزارت خارجہ کو وفود کے اخراجات کیلئے 10 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس دی گئیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا اور بلوچستان کیلئے 1.765 ارب روپے اور اسلام آباد پولیس کی واجبات کی ادائیگی کیلئے 30 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی گئی۔

جدید تحقیقاتی سامان کیلئے آئی سی ٹی پولیس کو 5.2 کروڑ روپے، سپارکو کیلئے 5.5 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس منظور کرلی گئیں، پیٹرولیم کور ہاؤس منصوبے کیلئے 11.79 کروڑ روپےمنظور ہوئے۔

بلوچستان میں افسران کو مراعات کیلئے 25.45 کروڑ روپے کی گرانٹس منظور  ہوئیں جب کہ ایگزیکٹو بلڈنگ اسلام آباد کی مرمت کیلئے 19.8 کروڑ روپے کی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔

 کمیٹی نے مالی سال 26-2025 کے لیے نئی قدرتی گیس قیمتوں کے ڈھانچے کی منظوری دے دی، صنعت، پاور سیکٹر اور بلک صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اوسطاً 10 فیصد اضافہ منظور کیا گیا جب کہ ای سی سی کے اجلاس میں چینی کی درآمد سے متعلق تجاویز کیلئے 10 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی قائم کردی گئی۔

علاوہ ازیں ای سی سی نے چھوٹے کسانوں کیلئے رسک کوریج سکیم کی اصولی منظوری دے دی، یہ سکیم 14 اگست کو لانچ ہوگی، 3 سال میں ساڑھے سات لاکھ کسان مالی نظام میں شامل ہوں گے، رسک کوریج سکیم کے تحت 300 ارب روپے کا زرعی قرضہ متوقع ہے، اس سکیم کی مالی لاگت 37.5 ارب روپے ہوگی۔