میڈیکل ڈیوائسز کے لائسنسنگ کا عمل 20 دن کے اندر مکمل کیا جائے: مصطفیٰ کمال

Published On 28 July,2025 06:06 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ میڈیکل ڈیوائسز کے لائسنسنگ کا عمل 20 دن کے اندر مکمل کیا جائے۔

اسلام آباد میں مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت ڈریپ کی میڈیکل ڈیوائسز کی ڈیجیٹلائزیشن کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈیجیٹلائزیشن کے حالیہ اقدامات، صنعت کی آراء، درپیش چیلنج کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ میڈیکل ڈیوائسز کے لائسنسنگ کا عمل 20 دن کے اندر مکمل کیا جائے، ہمیں عوام کو اِس نظام کا عادی بنانا ہوگا تاکہ وہ سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں اور عوام سے کیے گیے وعدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈریپ کے اندر میرٹ اور شفاف کے فروغ کیلئے ہیومن کنٹیکٹ نہ ہو، شفافیت، تیز تر پراسیسنگ اور عوامی بھروسہ بحال رکھنے کیلیے تمام تر اقدامات کو یقینی بنائیں اور عوام کو درپیش ابتدائی معلومات کے حوالے سے ایجوکیٹ کیا جائے۔

وفاقی وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ ڈریپ کو اس حوالے سے ہیومن ریسورس اور ٹیکنیکل سپورٹ کو بھی بڑھانا ہے، اس پروجیکٹ کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔