قائمہ کمیٹی میں پارلیمنٹری بجٹ آفس بل 2025 کا ڈرافٹ مسترد

Published On 12 August,2025 05:10 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پارلیمنٹ میں بجٹ آفس قائم کرنے کیلئے ذیلی کمیٹی میں پیش پارلیمنٹری بجٹ آفس بل 2025 کا ڈرافٹ مسترد کردیا گیا۔

رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں حکومت کی جانب سے کمیٹی رکن رانا ارادت شریف کے پارلیمنٹری بجٹ آفس بل 2025 کا ڈرافٹ مسترد کیا، وزارت خزانہ اور ایف بی آر حکام اپنے طور پر نیا بل ڈرافٹ کر کے ذیلی کمیٹی برائے خزانہ میں پیش کریں گے۔

سیکرٹری فنانس کمیٹی امداداللہ بوسال کا کہنا تھا کہ بجٹ آفس قائم کرنے کا بل پیش کردیا گیا، پارلیمنٹری بجٹ آفس بل 2025 میں بجٹ آفس کو زیادہ اختیارات سونپے گئے ہیں، پارلیمنٹری بجٹ آفس بل میں بجٹ آفس کو اینالیٹیکل مینڈیٹ ہونا چاہیے جو قائمہ کمیٹی کیلئے ہو۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری فنانس قائمہ کمیٹی کے ذریعے بجٹ تجاویز کو وزارت خزانہ کے ساتھ شیئر کیا جانا چاہیے، پارلیمنٹری بجٹ آفس کا دائرہ کار پہلے نیشنل اسمبلی تک محدود ہونا چاہیے۔

راشد لنگڑیال نے کہا کہ سیکٹورل ایکسپرٹ کیساتھ بجٹ آفس مختلف شعبوں پر کام کرے اور پارلیمنٹرینز کو گائیڈ کرے، بجٹ آفس کو ڈائریکٹ وزارت خزانہ حکام کیساتھ بجٹ تجاویز پر کام کرنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے، دنیا کے متعدد ممالک میں پارلیمنٹ کی آگاہی کیلئے بجٹ کے دفاتر قائم ہیں۔