سرویکل کینسر کی ویکسین پروپیگنڈا نہیں، مصطفیٰ کمال نے بھی بیٹی کی ویکسی نیشن کرالی

Published On 20 September,2025 05:27 pm

کراچی :(دنیا نیوز) سرویکل کینسر کی ویکسین پروپیگنڈا نہیں، مصطفیٰ کمال نے بھی بیٹی ویکسی نیشن کرالی۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اپنی اکلوتی بیٹی کو سرویکل کینسر (ایچ پی وی) سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس ویکسین کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے جس کی کوئی حقیقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح اپنی بیٹی عزیز ہے، اسی طرح مجھے قوم کی بیٹیاں بھی عزیز ہیں، دنیا کے 150 ممالک میں یہ ویکسی نیشن ہوچکی ہے اور پاکستان 151واں ملک ہے جہاں یہ ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ منفی باتیں کرنے والے اپنی اصلاح کریں اور قوم کو گمراہ نہ کریں، احتیاط ہمیشہ علاج سے بہتر ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی قوم کو بیماریوں سے بچائیں۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ میری فیملی کبھی کیمروں کے سامنے نہیں آئی، لیکن میں نے خود اپنی بیٹی کو کہا کہ وہ یہ ویکسین لگوائے، آج میں اپنی بیٹی کو خود لے کر آیا ہوں کیونکہ وہ میری اکلوتی بیٹی ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ قوم کو سمجھنا ہوگا کہ یہ ویکسین تحفظ کے لیے ہے، اس پر پروپیگنڈا نہیں ہونا چاہیے۔