خلاصہ
- لاہور/ گوجرانوالہ (دنیا نیوز)بلدیاتی انتخابات میں لیگی امیدواروں نے کامیابی کے لیے شیروں کا استعمال شروع کر دیا ، لاہور میں سینڈی ، گوجرانوالہ میں سرکس شیر نے لوگوں کی توجہ حاصل کر لی۔
لاہور میں شیروں سے پیار ہی ایک لیگی امیدوار کی وجہ شہرت بن گیا ،سینڈی نامی شیر بچپن سے لیگی رہنما کے ہاتھوں میں کھیلا مگر اب جوان ہوا تو کبھی کبھی مالک کو پنجے دکھا کر دھاڑتا بھی ہے۔
بلدیاتی انتخابات میں ہر امیدوار کو فکر لاحق ہے کہ اس کا انتخابی نشان عوام کو یاد رہے تاکہ وہ اس نشان پر مہر لگا کر امیدوار کو کامیاب بنا سکیں مگر لاہور کی یونین کونسل ایک سو پینتیس محمود بوٹی میں لیگی امیدوار کی محبت ہی اس کا انتخابی نشان بن گئی ہے۔
جی ہاں یہ سینڈی نامی شیر چھوٹا سا بچہ تھا جب اسے کینیڈا سے منگوایا گیا ، پیار سے پالا گیا اور پھر بڑا ہوا تو یہ لیگی رہنما حمزہ شہباز شریف اورمریم نواز شریف کی ریلیوں کی زینت بنا ، اب یہی شیر لیگی امیدوار مہر جمیل کی وجہ شہرت بن گیا ہے۔
روزانہ سات سے آٹھ کلو گوشت کھانے والے اس شیر کو حلقہ بھر سے لوگ شوق سے دیکھنے آتے ہیں ، شیر اس گھر کی وجہ شہرت اس قدر بنے کہ اب اس گھرانے کو ہی شیراں والا کہا جاتا ہے۔