نواز شریف نے مشرف کے ساتھ ڈیل کرنے سے انکار کر دیا تھا: شیخ رشید

Published On 27 Mar 2017 09:07 PM 

شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے جرنیلوں کے ساتھ ملنے اور ڈیل کرنے سے انکار کیا تو پرویز مشرف نے بے نظیر بھٹو کے ساتھ معاملات طے کئے۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف، نواز شریف سے ڈیل کرنا چاہتے تھے۔ ان کی پہلی چوائس نواز شریف جبکہ دوسری بے نظیر بھٹو تھیں۔ مشرف، نواز شریف سے یہ ڈیل کرنا چاہتے تھے لیکن انہوں نے نہیں کی۔ تاہم نواز شریف سے پذیرائی نہ ملنے پر مشرف نے بے نظیر بھٹو سے این آر او کیا۔ بے نظیر کی خواہش تھی ڈی جی آئی ایس آئی مذاکرات میں شریک ہوں۔ آخری وقت میں پرویز مشرف نے این آر او کیا جو ان کے گلے پڑ گیا تھا۔ دنیا نیوز کے پروگرام ’آن دی فرنٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مشرف نواز شریف سے ڈیل کرنا چاہتا تھا لیکن شہباز شریف نے زبردست رول ادا کر کے سب کو بیوقوف بنایا تھا۔ سعودی عرب کے فرمانروا کنگ عبد اللہ سے طے تھا اگر بے نظیر پاکستان گئی تو نواز شریف کو نہیں روکا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی پوری بات صیح نہیں لیکن بات میں وزن ہے۔ نواز شریف سے ریٹائرڈ اور حاضر سروس جنرلز ملاقات کرتے تھے لیکن وہ خود نہیں کرتے تھے۔

شیخ رشید کا پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاناما کے فیصلے کے بعد ہی الیکشن کا موسم آ جائے گا۔ اس وقت ملک میں بیسٹ چوائس عمران خان ہیں۔ عمران کی لہر چل گئی تو یہ سب بھوسے کی طرح اڑ جائیں گے۔ اصل فیصلہ زرداری نے کرنا ہے پنجاب میں کیا سٹرٹیجی بنانی ہے۔ جو مال لگائے گا وہی نتیجہ پائے گا۔ پنجاب میں مقابلہ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی میں ہوگا۔