بیدیاں روڈ دھماکہ ، حملہ آور پیدل آیا تھا :ذرائع

بیدیاں روڈ دھماکہ ، حملہ آور پیدل آیا تھا :ذرائع

لاہور (دنیا نیوز ) لاہور بیدیاں روڈ خود کش دھماکے میں حملہ آور پیدل تھا جس نے مردم شماری ٹیم کی ویگن کے قریب آکر خود کو اُڑا لیا ۔ واقعے کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی گئی ۔ کمشنر لاہور نے کہا دھماکا سیکیورٹی لیپس نہیں ہے ۔ بیدیاں روڈ کے مانوالہ چوک میں مردم شماری ٹیم کی وین کے قریب خودکش دھماکا ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔ کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کی جس کے مطابق حملہ آور پیدل آیا اور اس نے وین کے پیچھے پہنچ کر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا ۔ دھماکے میں 10 کلو بارود اور بال بیئرنگ استعمال ہوئے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا چہرے اور بالوں سے حملہ آور مقامی معلوم نہیں ہوتا ، خودکش حملہ آور ازبک ہوسکتا ہے اور اس کی عمر 21 سال سے 22 سال ہے ۔ دھماکے کے بعد علاقے میں 3 کلومیٹر تک سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ آپریشن میں نادرا کی ٹیم بھی شامل تھی جس نے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت شہریوں کی تصدیق کی ۔ اس دوران 16 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ۔ دھماکے کے بعد علامہ اقبال ایئرپورٹ کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ۔ کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل کا کہنا ہے دھماکا سیکورٹی لیپس نہیں تھا ، سیکورٹی پلان پر مکمل عمل ہو رہا ہے ، مردم شماری جاری رہے گی ۔ عبداللہ خان سنبل نے کہا دھماکے کی نوعیت کا فرانزک سائنس کی حتمی رپورٹ آنے پر بتایا جاسکے گا ۔