غیرملکی جریدے بلومبرگ نے نواز شریف کے ہٹائے جانے کو بری خبر لکھا۔ نیو یارک ٹائمز نے لکھا کہ پاکستانی عدالت نے ایک خطرناک مثال قائم کی ہے۔
لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی نا اہلی پر غیرملکی اخبارات نے تجزیے کیے ہیں۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے لکھا کہ پاکستانی عدالت نے ایک خطرناک مثال قائم کی ہے، اخبار کے مطابق نواز شریف کا نام اگرچہ پانامہ پیپرز میں نہیں ہے اور ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ انہوں نے سرکاری اختیارات کو نجی فائدے کے لیے استعمال کیا۔ ججز نے انہیں اثاثے چھپانے پر نا اہل قراردے دیا۔
اخبار کے مطابق نواز شریف کو فارغ کرنے سے ملک کا سیاسی توازن خراب ہو گا۔ ایک اور غیرملکی جریدے بلومبرگ نے نواز شریف کے ہٹائے جانے کو بری خبر لکھا، بلومبرگ کے مطابق 70 سال میں ایک بھی وزیر اعظم 5 سالہ مدت پوری نہیں کر سکا۔ اخبار کے مطابق نواز شریف پر بظاہر کرپشن کے الزامات تھے لیکن انہیں اقتدار سے ہٹائے جانے کے عوامل پریشان کن ہیں۔
برطانوی اخبار دی گارڈین نے تجزیہ کیا کہ نواز شریف چلے گئے لیکن پاکستان میں ہائی لیول کرپشن کا معاملہ جوں کا توں ہے۔ بھارتی اخبارات نے بھی نواز شریف کے جانے کو پاک بھارت امن کے لیے دھچکا قرار دیا۔