آزادی صرف جشن منانے کا نام نہیں ، عدلیہ کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے دروازے کھلے ہیں :چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب
لاہور (دنیا نیوز ) آزادی کا مطلب سوچ اور فکر کی آزادی ہے ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منصور علی شاہ کہتے ہیں عدلیہ کا ادارہ آزاد اور خودمختار ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ میں پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ہائیکورٹ کے جج صاحبان اور عدالتی عملے نے شرکت کی ۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے پرچم کشائی کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ آزادی صرف جشن منانے کا نام نہیں ، سوچ اور فکر کی آزادی ہی حقیقی آزادی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کسی کی ذاتی جاگیر یا کمپنی نہیں اسی لیے میرٹ کو نظرانداز نہیں کیا جاتا ، عدلیہ کی پالیسی بند کمرے میں نہیں بنتی ۔شفافیت برقرار رکھنے کیلئے دروازے کھلے رکھے ہیں ۔