پشاور :یوم آزادی کی تقریب ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پرچم کشائی کی

Published On 14 Aug 2017 12:35 PM 

تقریب میں خٹک اور محسود ڈانس پیش کئے گئے ، فضا میں کبوتر اور غبارے بھی چھوڑے گئے

پشاور (دنیا نیوز ) پشاور میں یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پرچم کشائی کی ، خٹک اور محسود ڈانس پیش کئے گئے ، فضاء میں کبوتر اور غبارے بھی چھوڑے گئے ۔ پشاور میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پرچم کشائی کی ، پرچم کشائی سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ تقریب میں قومی ترانہ سنایا گیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو معرض وجود میں آئے ستر سال ہوگئے ہیں ، قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو بنانے کیلئے جدوجہد کی تھی ، آج ہم نے قائد اعظم کے پاکستان کو مزید بہتر بنانے کیلئے جدوجہد کرنی ہے ، اس ملک کی آزادی کیلئے ہم نے قربانیاں دی ہیں ، وطن عزیز کی بہتری کیلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا ۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پاکستان بنانے کا مقصد شہریوں کو انصاف اور قانون کی بالادستی کی فراہمی تھی ، تحریک انصاف اسی مقصد کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔ تقریب میں ڈپٹی سپیکر مہر تارج روغانی ، صوبائی وزراء ، آئی جی خیبر پختونخوا سمیت اعلیٰ سول افسران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر فضاء میں کبوتر بھی آزاد کئے گئے ۔