آج کے دن قوم کو عہد کرنا ہوگا کہ اس ملک اور خطے کی ترقی کیلئے ایک سوچ کے مطابق کام کریں گے :تقریب سے خطاب
سکھر (دنیا نیوز ) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے یوم آزادی پر سکھر ائیر پورٹ پر پرچم کشائی کی ، گرلز سکول کی تقریب میں قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا یہ آزادی کسی نعمت سے کم نہیں ، دعا ہے قوم اسی طرح خوشیاں مناتی رہے ۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کراچی سے سکھر ائیرپورٹ پہنچ کر تقریب میں شرکت کی اور ائیر پورٹ منیجر ناصر شیخ کے ہمراہ پرچم کشائی کی ، گورنمنٹ گرلز سکول آرائیں میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں یہ آزادی کسی نعمت سے کم نہیں ، دعا گو ہوں کہ قوم اسی طرح خوشیاں مناتی رہے ۔
انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی بنیاد تعلیم تھی جو سرسید نے شروع کی تھی ، آج کے دن قوم عہد کرے کہ اس ملک اور خطے کی ترقی کے لیے ایک سوچ کے مطابق کام کریں گے ۔ سکھر میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں میونسپل سٹیڈیم میں ہوئی ۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے پرچم کشائی کی ، سکھر میں مختلف سیاسی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں ۔
یوم آزادی کی مرکزی تقریب میونسپل سٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ ، ضلعی افسران سمیت سکولوں کے طلبا و طالبات اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی ۔ میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے ضلعی افسران کے ہمراہ 7:58 پر پرچم کشائی کی اس موقع پر مختلف سکولوں کے بچوں نے ٹیبلوز اور ملی نغمے بھی پیش کرکے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا ۔ یوم آزادی کے موقع پر وطن عزیز سے اظہار محبت کیلئے سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی جا رہی ہے ۔ یہ سلسلہ پورا دن جاری رہے گا ۔