عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے آئینی ترامیم اور قانون سازی کریں گے، ووٹ کی حرمت کا خیال کرتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، ملک بیس کروڑ عوام کی ملکیت ہے، چند لوگوں کی نہیں، نواز شریف کی مزار اقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو۔
لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آج ہم پاکستان کی 70 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، پاکستان جمہوریت اور ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا، ہم نے قانون اور جمہوریت کو نظرانداز کر کے نظریہ ضرورت ایجاد کیا، نظریہ ضرورت پر پاکستان ٹوٹ گیا لیکن ہم نے سبق نہ سیکھا، طے کرنا ہو گا کہ ہر قیمت پر ووٹ کا تقدس برقرار رکھیں گے، جمہوریت عوام کے ووٹ کے تقدس کا نام ہے، عوام سوچیں، کیا آج خوشی سے یوم پاکستان منا رہے ہیں؟ ہم ووٹ کی حرمت کا خیال کرتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم نے 4 سال میں ڈیلیور کیا، ابھی تو مدت پوری بھی نہیں ہوئی لیکن ہم عوام کی توقعات پر پورا اترے ہیں، اسلام آباد سے لاہور تک عوام کا سمندر میرے ساتھ آیا، عوام جانتے ہیں، پاکستان میں ترقی عروج پر ہے، ہم لوگوں کو سستا اور فوری انصاف دیں گے، آئینی ترامیم اور قانون سازی کے لئے تیار ہیں، عوام کو سماجی اور عدالتی انصاف دیں گے، پاکستان کی سرزمین 20 کروڑ عوام کی ملکیت ہے، چند لوگوں کی نہیں جو گھر بنانے کی استطاعت نہیں رکھتے، انہیں گھر دیں گے، ہماری حکومت نے بجلی پیدا کی، عوام کو امن دیا، جب بھی نواز لیگ کی اگلی حکومت آئے گی، یہ ایجنڈا سرفہرست ہو گا، جن کے پاس کیس لڑنے کے پیسے نہیں، ریاست بوجھ اٹھائے گی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ جو سلسلہ شروع ہوا ہے اس سے معیشت کو دھچکا لگا ہے، ہماری حکومت نے بجلی پیدا کی، عوام کو امن دیا، ہم نے عوام کو گیس دی، اب عوام کو ڈلیور کرنے کیلئے آئینی ترامیم کریں گے، تسلسل ٹوٹنے سے بڑا نقصان ہوا ہے، ایجنڈے میں شامل نکات کو نواز لیگ کی اگلی حکومت میں سرفہرست رکھا جائے گا، نوجوان امید بھری نظروں سے ہماری طرف دیکھ رہے تھے اور ووٹ کا احترام نہ ہونے کی وجہ سے ملک نے مصیبتیں جھیلیں، اب 70 سال سے جاری تماشہ بند نہ ہوا تو حادثے کا بھی خدشہ ہے، ووٹ کے تقدس کا احترام سب سے کرائیں گے، ملک دو لخت ہوا لیکن ہم نے سبق نہیں سیکھا۔