مظفر گڑھ: زہریلی لسی پینے سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی

Published On 26 Oct 2017 01:36 PM 

13 افراد کی حالت تشویشناک ہے، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو نشتر ہسپتال ملتان اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈی جی خان منتقل کیا۔

علی پور: (دنیا نیوز) مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں زہریلی لسی پینے سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی، 13 کی حالت تشویشناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق علی پور کے نواحی علاقہ موضع والوٹ میں زہریلی لسی اور مکھن کھانے سے ماں حفیظہ مائی اسکے 3 بیٹے امجد، نذیر، شہباز اور قریبی عزیز سیف اللہ جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ مزید 13 افراد کی حالت غیر ہو گئی ہے۔ ریسکیو سروس نہ ہونے کی وجہ سے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو نشتر ہسپتال ملتان اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈی جی خان منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے منتقل کیا جا رہا ہے اور واقع کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئیں ہیں۔ ڈی سی مظفرگڑھ سیف انور جپہ نے دنیا کو بتایا کہ وہ اور اسکی ٹیم تحقیقات کے لئے موقع پر جا رہی ہے۔