رپورٹ مل چکی ہے، وکلا رپورٹ کے ایک ایک نقطے پر غور کریں گے، جائزہ لے کر طاہرالقادری مفصل بیان دیں گے: خرم نواز گنڈا پور کی میڈیا سے گفتگو
لاہور: (دنیا نیوز) عوامی تحریک کے وفد کو محکمہ داخلہ کی جانب سے نجفی کمیشن رپورٹ کی مصدقہ کاپی موصول ہو گئی، کارکنان نے سول سیکرٹریٹ کے سامنے جاری احتجاجی دھرنا ختم کر دیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:جسٹس باقر نجفی رپورٹ کی اردو میں تفصیل روز نامہ دنیا میں شائع
خرم نواز گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا رپورٹ مل چکی ہے، کارکن واپس جا سکتے ہیں، ہم نے کہا تھا جب رپورٹ لینے آئے تو لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہر صفحے پر مہر اور دستخط موجود ہیں، وکلا رپورٹ کے ایک ایک نقطے پر غور کریں گے اور ان کی مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے۔ خرم نوازگنڈاپور نے مزید کہا رپورٹ 132 صفحات پر مشتمل ہے، رپورٹ کا جائزہ لے کر طاہرالقادری مفصل بیان دیں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:حکومتی درخواست مسترد، سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ پبلک کرنے کا فیصلہ برقرار
خیال رہے گزشہ روز پنجاب حکومت کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ جا کی گئی تھی۔ رپورٹ کے متن میں کہا گیا کہ انسان جھوٹ بول سکتا ہے، حالات نہیں، حالات بتاتے ہیں کہ پولیس والوں نے اس قتل عام میں بھرپور حصہ ڈالا۔ پولیس نے وہی کیا جس کے لیے اسے بھیجا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق تمام ذمہ دار افراد ایک دوسرے کو بچانے کی ناکام کوشش کرتے رہے۔ یہ بات شیشے کی طرح صاف شفاف ہے کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے کارروائی روکنے کا حکم نہیں دیا گیا۔ عدالت کے حکم پر عمل درآمد کیا جاتا تو وزیرِ قانون کو نگرانی میں طے پانے والے آپریشن میں خون خرابا روکا جا سکتا تھا۔