راولپنڈی: (دنیا نیوز) سانحہ آرمی پبلک سکول کی تیسری برسی پر اپنے پیغام اور فائرنگ رینج جہلم کے دورے کے موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب میں شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ معصوم بچوں اور ان کے بہادر والدین کی قربانیاں ناقابل فراموش اور قرض ہیں۔
جنرل باجوہ نے کہا کہ ہمیں 16 دسمبر کا دن بھولنا نہیں چاہئے، تین سال پہلے دشمن نے ہمیں پشاور میں زخمی کیا تھا، سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور مصمم ارادوں کے ساتھ حالات کا رخ موڑ دیا۔
پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 37 ویں نشانہ بازی مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد ہم نے قومی سطح پر نیشنل ایکشن پلان تیار کیا، ایمان اور قومی عزم کے ذریعے دل گرفتہ کر دینے والے اس حادثے سے باہر آئے مگر جرم کرنے والے لوگوں کو مکمل شکست دینے کیلئے ہمیں بہت کچھ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کو حقیقی خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہر فرد قومی مقاصد کیلئے اپنا حصہ ڈالے، ملک میں قیام امن کے ذریعے شہداء کی قربانیاں یاد رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ اے پی ایس کو 3 برس بیت گئے، لہو سے جلے علم کے چراغ آج بھی روشن
آرمی چیف نے نشانہ بازی کے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ ماسٹر ایٹ آرمز کی ٹرافی بہاولپور کور کے حوالدار ساجد بادشاہ نے حاصل کی۔
“Remembering martyrs of APS Peshawar. The great sacrifice of our innocent beloved children & their brave families remains unforgettable. It symbolises our undeterred resolve in love of our motherland. Your sacrifice has not gone in vain, we owe this improving peace to you” COAS. pic.twitter.com/scA8AhU95A
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) December 16, 2017
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی کیخلاف جنگ میں معصوموں کا خون رنگ لایا ہے: وزیراعظم