سلمان مجاہد پر لڑکی سے زیادتی کا الزام، وزیر داخلہ نے تحقیقاتی کمیٹی بنا دی

Published On 13 Feb 2018 04:45 PM 

کراچی: (دنیا نیوز) سماجی کارکن صارم برنی نے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ پر لڑکی سے زیادتی کا الزام عائد کر دیا ہے۔


صارم برنی کا دعویٰ


دنیا نیوز کے مطابق معروف سماجی کارکن صارم برنی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) کے رکن اور ایم این اے سلمان مجاہد بلوچ پر لڑکی سے زیادتی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ناصرف متاثرہ لڑکی کو بلیک میل کر رہے ہیں بلکہ انہوں نے اس کیخلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا ہے۔

صارم برنی کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی نے انصاف کی فراہمی کیلئے رابطہ کیا ہے۔ سلمان مجاہد بلوچ نے شادی کرنے پر لڑکی کیخلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کراوا دی ہے۔

صارم برنی کے مطابق، وزیر داخلہ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کی سربراہی میں معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: سلمان مجاہد بلوچ نے پی ٹی آئی کے کارکن پر اسلحہ تان لیا، مقدمہ درج


سلمان مجاہد بلوچ کا مؤقف


دوسری جانب سلمان مجاہد بلوچ نے دنیا نیوز سے گفتگو میں ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خلاف سازش کی جا رہی ہے جبکہ سیکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے۔ فاروق ستار کو جوائن کرنے کے بعد سارا گیم پلان کیا گیا ہے۔



سلمان مجاہد بلوچ کا موقف ہے کہ انہوں نے لڑکی کی والدہ کو علاج کیلئے 40 لاکھ روپے دیے تھے لیکن اس کی مدد کا یہ صلہ ملا۔ میں نے 16 دسمبر کو ہی ان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا تھا، اب میری درخواست عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ سلمان بلوچ نے لڑکی کے ساتھ اپنی تصویر کو جعلی قرار دیا ہے۔