اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے استفسار کیا ہے کہ کہاں ہیں وہ لوگ جنہوں نے موٹر وے سے جانے کا مشورہ دیا تھا۔
پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں نواز شریف اور پارٹی رہنماؤں کے درمیان بات چیت ہوئی۔ اس دوران طلال چودھری نے جی ٹی روڈ لانگ مارچ پر نواز شریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی کمرہ ہے جس میں آپ نے جی ٹی روڈ سے لاہور جانے کا فیصلہ کیا تھا، وہ ٹرننگ پوائنٹ تھا جب آپ نے فیصلہ بدلا اور جی ٹی روڈ کا انتخاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں: احتساب کے نام پر انتقام، اور کتنے سال عدالتوں میں آتے رہیں گے؟ نواز شریف
نواز شریف نے سوال کیا کہ کہاں ہیں وہ لوگ جو مجھے موٹروے سے جانے کا مشورہ دے رہے تھے؟ اس کمرے میں کوئی وہ مشورہ دینے والا موجودہ ہے؟ نواز شریف کے سوال کے جواب میں پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ ایک صاحب نے تو کہا تھا کہ جہاز لیں اور پنڈی سے لاہور چلے جائیں، وہ صاحب اب یہاں موجود نہیں ہیں وہ ناراض ہیں۔
طلال چودھری نے کہا کہ ہمیں نواز شریف کی واپسی چاہئے، آئندہ حکومت بن جائے گی مگر نواز شریف کی واپسی ضروری ہے، آپ نے پہلی بار حکومت اور غلامی کا فرق بتایا ہے، 5، 10 سال کی غلامی کی تو آفر ہو رہی تھی، گزشتہ 5 ماہ میں اپنوں سمیت بہت لوگوں نے آپ کا راستہ روکنے کی کوشش کی، ہماری جیت نواز شریف کی واپسی سے ہو گی۔