اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے، ادھر اے این پی نے بھی حکومتی اقدام کی مذمت کی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے ایک بار پھر نواز لیگ حکومت بے نقاب ہو گئی اور عوام دشمن چہرہ سامنے آ گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو عزیز رکھنے والی کوئی جمہوری حکومتیں ایسے قدم نہیں اٹھاتیں۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے طوفان کو دعوت دینا ہے۔ میٹرو ٹرین جیسے اوٹ پٹانگ منصوبوں نے معیشت پر اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی قرضہ پالیسی اور بڑے منصوبوں نے گرتی معیشت کا بریک فیل کر دیا ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس اور ٹیکس میں کمی کا اعلان کیا جائے۔
دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی سندھ نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کی ہے۔ سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اثر عوام پر پڑتا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیتوں میں اضافہ عوام دشمن پالیسی کا نتیجہ ہے۔