وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے چاک وچوبند دستے نے وزیرِ اعظم کو گارڈ آف آنر بھی دیا۔
دورے میں وزیرِ دفاع خرم دستگیر خان بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیرِ اعظم کو مسلح افواج کی پیشہ وارانہ تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے مسلح افواج کی کسی بھی خطرے اور چیلنج سے نبرد آزما ہونے سے متعلق تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے مسلح افواج کی دفاعی ضروریات پوری کی جائیں گی اور حکومت اس مقصد کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔