سوات: (دنیا نیوز) میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ الزام خان کی چھٹی ہونے والی ہے، خیبر پختونخوا اور وفاق میں پھر حکومت بنائیں گے، امیر مقام آ کر لوٹا ہوا پیسہ نکلوائیں گے۔
میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ (ن) لیگ پر اعتماد کرو گے تو جو کہو گے کر کے دکھاؤں گا۔ آپ نے صرف ووٹ کے تقدس کا وعدہ پورا اور میری ہدایات پرعمل کرنا ہے۔ نوجوانوں کا مستقبل سنوارنے کے لیے جان کی قربانی بھی لگانی پڑی تو لگاؤں گا۔
سوات میں جلسے سے خطاب میں سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان لاہور کی میٹرو کو جنگلا بس کہتا تھا، اب وہی پشاور میں بنائی جا رہی ہے۔ لاہور کی میٹرو بس 40 اور راولپنڈی کی 45 ارب روپے لاگت آئی جبکہ پشاور کی میٹرو پر 71 ارب روپے خرچ ہو رہا ہے۔ عمران خان کو یہ پیسہ خیبر پختونخوا کی عوام کو واپس کرنا ہو گا۔
نواز شریف نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ الزام خان نے نیا پاکستان نہیں بنایا، خیبر پختونخوا میں وہی پرانے سکول ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی سیاست پر افسوس ہے، جنہوں نے ہمیشہ الزامات کی سیاست کی لیکن اپنے صوبے کی عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، خیبر پختوںخوا میں گزشتہ 5 سال کے دوران ایک پتہ بھی نہیں ہلا۔ عمران خان اس قابل نہیں کسی ایک ضلع سے بھی الیکشن جیت سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوات میں کوئی یونیورسٹی، کالج، نیا ہسپتال نہیں بنا، ایک ارب درخت کے پیسے جیبوں میں ڈالے گئے۔ خیبر پختونخوا کے لوگوں آئندہ ایسے شخص پر اعتبار مت کرنا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی اے ٹی ایم مشین جہانگیر ترین کا مال کھا گئے اور وزیرِ اعلیٰ کا ہیلی کاپٹر اپنی ذات کے لیے استعمال کرتے رہے۔ انہوں نے اپنی آف شور کمپنی کو تسلیم کیا لیکن اسے نہیں نکالا گیا جبکہ مجھے صرف اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے جرم میں نااہل کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے مجھے وزیرِ اعظم بنایا تھا لیکن کوئی کرپشن ثابت نہ ہوئی تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا گیا، لیکن عوام فکر نہ کریں میں انھیں پیشگی مبارکباد دیتا ہوں، الزام خان اب نہیں ٹھہرے گا، وہ جلد فارغ ہونے والا ہے، ہم آئندہ خیبر پختونخوا اور مرکز میں بھی حکومت بنائیں گے۔