مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم، آصف زرداری کی شدید مذمت

Last Updated On 01 April,2018 08:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف زرداری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے خون ریزی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی خون ریزی کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت روز اول سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی اصول پامال کر رہا ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کا قتل عام بھارت کا وحشیانہ عمل ہے۔ پیپلز پارٹی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی اور کشمیریوں کی سیاسی ا ور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔