کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں کا قتلِ عام، جے یو آئی کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

Last Updated On 02 April,2018 09:26 pm

کشمیر و فلسطین میں بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) نے جمعے کے روز ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے فلسطین میں نہتے مسلمانوں پر بمباری اور معصوم بچوں سمیت شہادتوں پر بھی گہرے دکھ اور مذمت کا اظہار کیا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہود و ہنود کے گٹھ جوڑ کے باعث مشرق و مغرب میں انسانوں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ سمیت تمام انسانی حقوق کی تنظیمیں ان مظالم کا نوٹس لے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جے یو آئی (ف) جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہرے کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کی مجلس شوریٰ نے ایم ایم اے کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ موجودہ صورت حال میں مذہبی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا خوش آئند ہے۔ مرکزی سطح کے بعد صوبائی سطح پر تنظیم سازی ہو گی۔ ایم ایم اے پنجاب کی 5 اپریل کو لاہور، 6 اپریل کو سندھ، 8 کو بلوچستان اور 10 اپریل کو کے پی میں تنظیم سازی تشکیل دی جائے گی۔