اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد گورننس اور عوامی خدمت میں بہتری آئی ہے۔ بیوروکریسی کو عوامی مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کرنا ہو گا۔
وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا اسلام آباد میں 108ویں مینجمنٹ کورس کے شرکا سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان نے معیشت اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں کئی چیلنجز کا سامنا کیا، بیوروکریسی ریاست کی ریڑھ کی ہڈی ہونے کے باعث جدید خطوط پر اپنے آپ کو تیار کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی کو عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے اہم کردار ادا کرنا ہے۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد عوامی خدمت اور گورننس میں بہتری آئی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ انسداد دہشت گردی ایک جہدِ مسلسل ہے، پاکستان واحد ملک ہے جس نے بے پناہ قربانیاں دے کر دہشت گردی کو شکست دی۔ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے، اس کا سبب بننے والے عوامل کو ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے لئے بھی گیم چینجر ثابت ہو گا۔