اسلام آباد: (دنیا نیوز ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کا کہنا ہے ریاستی عوام کی جدوجہد آزادی کو دہشتگردی سے نہیں جوڑا جاسکتا، ظلم اور جبر سے حق خودارادیت کی جدوجہد کو روکنا ممکن نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت یو این فیکٹ فائنڈنگ مشن کو کشمیر جانے کی اجازت دے اور یو این سیکرٹری جنرل کشمیر کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کریں۔
وزیرخارجہ خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں بھارتی دہشت گر دی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کشمیری لاشیں گن رہے ہیں، کشمیر کے بیٹوں کا لہو عالمی ضمیر کو جھنجوڑ رہا ہے، آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اہل کشمیر کے ساتھ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ افراد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کو باور کرایا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کا نوٹس لے۔ کشمیر میں پیلٹ گن کا استعمال انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عالمی مبصرین کی صورتحال کا جائزہ لینے کی اجازت دی جائے۔
وزیر داخلہ احسن اقبال نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ریاستی عوام کے جذبہ حریت کودبایا نہیں جاسکتا، بھارتی بندوقیں عوام کو آزادی کے نعروں سے روک نہیں سکتیں۔