اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملالہ یوسفزئی کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان اور ماروی میمن بھی موجود تھیں۔
نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی ساڑھے پانچ سال بعد غیر ملکی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچں، والدین اور دیگر اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ وفاقی پولیس کے کمانڈوز اور حساس اداروں کی سکیورٹی ٹیمیں مہمانوں کو راول لاؤنج لے کر آئیں، سیکورٹی حصار میں انہیں ائرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔ ان کی آمد پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ ملالہ یوسفزئی پاکستان میں 4 روز قیام کریں گی۔
یاد رہے کہ ملالہ یوسفزئی کو 9 اکتوبر 2012ء میں منصوبہ بندی کے تحت قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن دہشتگرد اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ انھیں شدید زخمی حالت میں برطانیہ پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج کیا گیا۔ پوری دنیا میں ان پر حملے کے بعد شدید مذمت کی گئی۔ خواتین خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور ان کی بہادری کے صلے میں انھیں نوبل انعام سے بھی نوازا جا چکا ہے۔