دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان جیت گیا، دنیا ہار گئی: وزیراعظم

Last Updated On 05 April,2018 06:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا کہنا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان جیت گیا، دنیا ہارگئی، بے پناہ قربانیوں کے باعث آج پاکستان محفوظ ملک ہے۔ انہوں نے کہا عالمی برادری کشمیر کا مسئلہ سمجھے اور حل کرے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بین الاقوامی انسداد دہشت گردی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف بھاری قیمت ادا کی، معاشی نقصانات بھی اٹھائے، دہشتگردی کی جنگ میں بینظیرجیسی سیاستدان سمیت قیمتی جانیں گنوائیں۔ انہوں نے کہا سانحہ اے پی ایس سے دہشتگردی کے خلاف جنگ نے نیا رخ اختیار کیا، کوئی ایسا ملک نہیں جس نے اپنے وسائل سے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد رہے اور قومی لائحہ عمل اختیار کیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا بے پناہ قربانیوں کے باعث آج پاکستان محفوظ ملک ہے، ہم نے اپنی سر زمین پر دہشتگردوں کو شکست دی جسے دنیا تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ ہم نے اپنی سرزمین پر لڑی، 2 لاکھ سے زائد فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حصہ لیا، معیشت ٹریک پر آگئی ہے اور سی پیک شروع ہوچکا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا ایسا کوئی ملک نہیں جس نے اکیلے دہشتگردی کیخلاف عالمی جنگ لڑی، فوج، سیاسی جماعتوں اور عوام کی قربانیوں سے امن قائم ہوا، پاکستان نے چیلنجز کے باوجود بے مثال ترقی کی۔ انہوں نے کہا افغانستان کے مسئلے کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات ہیں، قندوز جیسے واقعات شدت پسندی اور بنیاد پرستی کا سبب بنتے ہیں، پر امن افغانستان کا خواہاں پاکستان سے زیادہ کوئی نہیں ہے۔