وزیراعظم پاکستان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات

Last Updated On 16 April,2018 10:17 pm

دمام: (دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سےملاقات، دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے سعودی عرب میں 24 ملکوں کی مشترکہ فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی جس میں اہم دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی شاہ سے ملاقات میں کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کے لیے سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ملاقات میں سعودی فرمانروا نے بھی پاکستانی عوام اور حکومت کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات فوجی مشقوں گلف شیلڈ ون کی اختتامی تقریب کے موقع پرہوئی۔ اختتامی تقریب میں پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر دفاع خرم دستگیر اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر حشام بن صدیق بھی موجود تھے۔

سعودی عرب میں مشترکہ مشق گلف شیلڈ ون کی اختتامی تقریب دمام میں ہوئی، مشقوں میں پاکستان، متحدہ عرب امارات، مصر، ترکی، امریکا، برطانیہ سمیت 24 ممالک کے فوجی دستوں نے شرکت کی۔

Advertisement