اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی میں چیئرمین رانا قاسم نون اور وزیرِ مملکت رانا افضل کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے پر ذاتی نوعیت کے حملے کیے۔ وزیرِ مملکت رانا افضل نے قاسم نون کو لوٹا تک کہہ دیا جس پر چیئرمین نے انہیں اجلاس سے ہی باہر نکال دیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان لڑائی وزیرِ مملکت رانا افضل کی سابق ڈی سی او فیصل آباد نورالامین مینگل کے خلاف تحریک استحقاق پر غور کے دوران ہوئی۔ رانا قاسم نے وزیرِ مملکت سے کہا کہ ڈی سی او نے آپ سے معافی مانگ لی، میں کوئی عدالت نہیں کہ ڈی سی او کو ٹانگ دوں، معاملے کو ڈسپوز آف کرتا ہوں۔
فیصلے پر رانا افضل نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کر کے آپ خود کو مزید داغدار کریں گے۔ اس پر چیئرمین کمیٹی بھڑک اٹھے اور پھر دونوں طرف سے ایک دوسرے پر ذاتی نوعیت کے تابڑ توڑ حملے کیے گئے۔ رانا قاسم نے وزیرِ مملکت کو اجلاس سے باہر پھینکوانے کی دھمکی تک دے دی جس پر وہ کمیٹی اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔