پی ٹی آئی کا مینار پاکستان جلسہ، ضلعی انتظامیہ کا اجازت دینے سے انکار

Last Updated On 16 April,2018 07:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، ناصر باغ میں شو سجانے کی تجویز دے دی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو اس فیصلے کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ بھی کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو ناصر باغ میں جلسہ کرنے کی تجویز دی ہے اور تمام سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ ضلعی حکومت اجازت دے یا نہ دے جلسہ مینار پاکستان میں ہی ہو گا، اگر پارک کا ایک بھی پودا ٹوٹا تو ہم دس پودے لگا کر جائیں گے۔

 

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 29 اپریل کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ 29 اپریل کو پاکستان تحریک انصاف مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ کرے گی۔