لاہور: (دنیا نیوز) جنوبی پنجاب والوں کو صوبہ ملنا حق ہے، پیرپگارا کی بلخ شیرمزاری سے ملاقات کے بعد گفتگو، سندھ کی طرح پنجاب میں بھی سیاسی اتحاد بنانا چاہتے ہیں۔
فنکشنل لیگ اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا کی جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے سیکرٹریٹ آمد، پیر پگارا اور سید صبغت اللہ راشدی نے خسرو بختیار سے ملاقات کی، جنوبی پنجاب صوبے کے مطالبے پر یکجہتی کا اظہار کیا۔ ملاقات کے بعد خسروبختیار اور پیرپگارا نے میڈیا سے گفتگو کی، پیر پگارا کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب والوں کوصوبہ ملنا حق ہے، جنوبی پنجاب صوبہ بن جائے تو بہاولپور کو صوبے کا ہیڈکوارٹر بنا دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی طرح پنجاب میں بھی سیاسی اتحاد بنانا چاہتے ہیں۔ پچھلے چار سال سے نوازشریف سے فون پر بھی رابطہ نہیں ہوا۔ نوازشریف کا فون آیا تھا لیکن گھر پر نہیں تھا، اگر شہبازشریف چائے پینے کراچی آئیں گے تو انکار نہیں کروں گا۔ نواز شریف کی کیسز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدالت سے کیا فیصلہ آتا ہے مجھے نہیں پتا، اگرنوازشریف کو سزا ہوجاتی ہے تو تب بھی مسلم لیگ کی حکومت دیکھ رہا ہوں۔
خسرو بختیار نے کہا کہ پیرپگارا کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے وفاق کی مضبوطی کے لیے ہمیشہ کردارادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ جنوبی پنجاب کا نعرہ اپنی محرومیوں کو ختم کرنے کے لیے لگایا ہے۔ اس ملاقات میں طاہر بشیر چیمہ، سمیع اللہ چوہدری، سردار نصراللہ دریشک، باسط بخاری اور رانا قاسم نون بھی موجود تھے۔