لاہور: (دنیا نیوز) بھارت کی طرف سے خواجہ معین الدین چشتیؒ المعروف غریب نواز کے عرس پر اجمیر شریف جانے کے خواہشمند پاکستانی زائرین کو ویزہ دینے سے انکار کے باوجود پاکستان کی طرف سے بیساکھی میلے پر سکھ یاتریوں کا کھلے دل سے استقبال، 1560 یاتری بیساکھی میلے کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔
ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کا اُتار چڑھاؤ اپنی جگہ لیکن اس کے اثرات مذہبی اقدار کی پاسداری پر اثرانداز نہیں ہونے چاہیں۔ بھارت نے ہمیشہ اس حوالے سے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ دوسری طرف پاکستان ہے جو ہمیشہ دوسرے مذاہب کی مذہبی اقدار کی پاسداری کرتا ہے۔
بیساکھی میلے کی تقریبات میں شرکت کے لیے سکھ یاتری واہگہ کے راستے لاہور پہنچے تو ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ بھارت سے سکھ یاتری دو خصوصی ٹرینوں کے ذریعے پاکستان پہنچے ہیں۔ جن میں مردوخواتین دونوں ہی بڑی تعداد میں شامل تھے۔ ان یاتریوں کے لیے واہگہ ریلوے سٹیشن پر کھانے سمیت، ہرطرح کی دیگر سہولیات کا انتظام کیا گیا تھا۔ حسن ابدال، ننکانہ صاحب اور دیگر مقامات پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد یہ سکھ یاتری 21 اپریل کو واپس روانہ ہوجائیں گے۔