شیخوپور: (دنیا نیوز) شیخوپورہ کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں صرف 12 روز قبل کروڑوں روپے کی مالیت سے لگائی جانے والی سی ٹی سکین مشین انتظامیہ کی نااہلی کے باعث پانی پڑنے سے خراب ہو گئی۔ یکم اپریل کو وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے اس سی ٹی سکین مشین کا افتتاح کیا تھا۔
ہسپتال کی انتظامیہ نے پرانی بلڈنگ کو سجا سنوار کر وہاں سی ٹی سکین مشین لگوائی اور اس کا افتتاح کرا لیا۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ہسپتال کے عملہ نے دنیا نیوز کو بتایا کہ مشین یہاں لگانے سے قبل.ہی انجیئنرز نے اس کمرہ میں لگانے سے منع کیا تھا لیکن ہسپتال انتظامیہ نے ہٹ دھرمی سے اسی کمرے میں لگوالی اور پھر چھت سے ٹپکنے والے پانی سے مشین کے سینسرز نے کام کرنا چھوڑدیا۔
سی ٹی سکین مشین کاعملہ اپنے طور پر پانی کو روکنے کی بہت کوشش کرتا رہا لیکن پانی بھی بھلا کبھی رکا ہے اور بے چارہ عملہ کمرہ میں ہیٹر چلا کر مشین کوخشک کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ سی ٹی اسکین مشین کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلی نے تنبیہ کی تھی جو مشین خراب کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔