گجرات: (دنیا نیوز) گجرات کے خانہ بدوشوں نے اپنی شادی بیاہ پر تمام خواہشیں، حسرت پوری کرنے کیلئے پیسہ پانی کی طرح بہاتے ہوئے ریئس زادوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
گجرات کے خانہ بدوش گوگا نے اپنے بیٹے محسن کی شادی پر دل کھول کر پیسہ خرچ کرتے ہوئے تیل مہندی پر گلوکارہ کی خدمات حاصل کی، تیل مہندی کی یہ رسم رات بھر جاری رہی جس میں نوجوان ٹھمکے بھی لگاتے رہے اور جشن مناتے رہے۔
بارات پر دولہے کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے کے کرایہ پر لیموزین منگوا کر اسے سجایا گیا جس میں دولہا اسکے والد قریبی دوست سوار ہوئے جبکہ باراتیوں کیلئے 20 سے زائد لگژری گاڑیاں بھی منگوائی گئیں۔
بارات خصوصی طور پر منگوائے گئے پتلی بینڈ کی شہنائیوں، ڈھولوں کی گونج میں جھگیوں سے نکل کر روانہ ہوئی تو ہر کوئی اس بارات اور سر پر کلا، شیروانی زیب تن کئے دولہا کو دیکھ کر حیران تھا۔ بارات کی کوریج کیلئے ڈرون کیمرے کیساتھ مووی بھی بنائی گئی اور دولہے کے دوست اس پر نوٹ بھی نچھاور کرتے رہے۔
ولیمے میں دولہا محسن، دولہن ثوبیہ کے سیالکوٹ ، وزیر آباد ، گوجرانوالہ ، منڈی بہاوالدین ، بھمبر سے 800 خاندانوں نے شرکت کی جنہیں ولیمے پر دولہا کے خاندان کی جانب سے 20 من چینی اور 5 من دیسی گھی رسم کے طور پر دیا گیا۔