خواجہ آصف نااہلی کیس، امید ہے فیصلہ ہمارے حق میں آئیگا: عمران خان

Last Updated On 26 April,2018 01:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے عثمان ڈار نے بنی گالا میں ملاقات کی جس میں خواجہ آصف نا اہلی کیس کے ممکنہ فیصلے پر مشاورت کی گئی۔

عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا خواجہ آصف نے ووٹ کے تقدس کو خود پامال کیا، یہ کیس کسی کی ذات کا نہیں پاکستان کے مستقبل کا تھا۔ انہوں نے کہا امید ہے فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں آئے گا۔

یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ میں خواجہ آصف کی نااہلی کا محفوظ فیصلہ 2 بجے سنایا جائیگا۔ عثمان ڈار نے اقامہ کی بنیاد پر خواجہ آصف کی نااہلی کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور موقف اختیار کیا تھا کہ خواجہ آصف متحدہ عرب امارات کی کمپنی میں کل وقتی ملازم ہیں، انہوں نے بینک اکاؤنٹ اور تنخواہ بھی ظاہر نہیں کی۔

جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے دلائل مکمل ہونے اور دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جبکہ خواجہ آصف نے فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد اماراتی کمپنی کا خط عدالت میں جمع کرایا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ خواجہ آصف کمپنی کے کل وقتی ملازم نہیں تھے۔